ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست میں کانگریس کو مستعد کرنے کیلئے نئی تبدیلیاں عنقریب،20 ضلعی صدور اور سو بلاک صدور کا تقرر ہوگا: پرمیشور

ریاست میں کانگریس کو مستعد کرنے کیلئے نئی تبدیلیاں عنقریب،20 ضلعی صدور اور سو بلاک صدور کا تقرر ہوگا: پرمیشور

Tue, 29 Aug 2017 11:39:33    S.O. News Service

بنگلورو،28؍ اگست(ایس اونیوز) آنے والے اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنے اور ریاست میں اقتدار پر برقرار رکھنے کیلئے میدان میں اترکر کام کرنے کے مقصد سے پارٹی نے بڑے پیمانے پر تنظیمی تبدیلیوں کی پہل کی ہے۔ پچھلے چند برسوں سے ضلع اور بلاک کانگریس صدور کی حیثیت سے پارٹی کو مضبوط کرنے میں تذبذب کا مظاہرہ کرنے والے 20 ضلع کانگریس صدور اور ریاست بھر کے 100 بلاک کانگریس صدور کو بدلنے کا پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات آج کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے بتائی۔ انہوں نے کہاکہ تمام سطحوں پر پارٹی کو انتخابات کیلئے مستعد کرنے کے مقصد سے یہ پہل کی جارہی ہے۔ اعلیٰ کمان کی ہدایت کے مطابق یہ تبدیلیاں کی جارہی ہیں ، عنقریب ان نئے ضلع اور بلاک صدور کی فہرست جاری کردی جائے گی۔چونکہ انتخابات کیلئے اب بہت کم وقت رہ گیا ہے۔اعلیٰ کمان کے ساتھ پارٹی کی ریاستی یونٹ اس بات کیلئے کوشاں ہے کہ بوتھ سطح سے پارٹی کو منظم کیا جائے ، اسی مقصد کے تحت ضلع اور بلاک سطح پر جامع پیمانے پر تبدیلی لانے کی پہل کی گئی ہے۔ ضلع اور بلاک صدور کے تقرر کے ساتھ ہی انتخابات کیلئے بوتھ سطح پر متحرک کمیٹیوں کی تشکیل کا سلسلہ بھی آگے بڑھایا جائے گا۔ ریاستی سطح کے قائدین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ضلعی سطح پر تال میل کے ساتھ پارٹی کو منظم کرنے میں لگ جائیں ،جبکہ ضلعی سطح کے ذمہ داروں اور نئے بلاک صدور کو یہ سخت ہدایت دی جائے گی کہ وہ بلاک سطح کے نئے عہدیداروں اور موجودہ متحرک عہدیداروں کو اعتماد میں لے کر بوتھ سطح پر پارٹی کارکنوں کو مستعد کرنے اور فرقہ پرست طاقتوں کاجواب دینے کیلئے ٹیم کو پوری طرح تیار کرنے کی ذمہ داری سنبھالیں۔ انہوں نے کہاکہ اعلیٰ کمان کی طرف سے اس سلسلے میں پہلے ہی منظوری حاصل کی جاچکی ہے۔ عہدیداروں کا تقرر محض اسی مقصد کیلئے ہورہاہے کہ ریاست میں پارٹی کی بنیادوں کو مضبوط تر کیا جاسکے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کسی بھی طرح کی برگشتگی کے امکان کو مسترد کردیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ سدرامیا اور کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے کرناٹک میں کانگریس امور کے انچارج اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ایم سی وینو گوپال کی ہدایت پر 31؍اگست کو تمام وزراء کا ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے، جس میں پارٹی کو منظم کرنے کے ساتھ انتخابی حکمت عملی پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ میٹنگ میں انتخابی حکمت عملی وضع کرنے کے سلسلے میں وینو گوپال وزراء کو چند ضروری ہدایات دیں گے۔ ریاست میں سدرامیا حکومت کی طرف سے رائج فلاحی اسکیموں کو عوام تک پہنچانے اور اس سلسلے میں بیداری لانے کیلئے بھی میٹنگ میں کچھ ٹھوس فیصلے کئے جائیں گے۔ تمام وزراء اور پارٹی لیڈروں کو میٹنگ میں موجود رہنے کی ہدایت وینو گوپال نے خود دی ہے۔


Share: